بین الاقوامی نتھیاگلی سمر کالج کا افتتاح کل ہوگا‘ وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال مہمان خصوصی ہونگے

June 23, 2024

اسلام آباد ( رپورٹ حنیف خالد )پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے مطابق فزکس اور عصری ضروریات پر بین الاقوامی نتھیاگلی سمر کالج (INSC) کا افتتاح پیر 24جون کو اسلام آباد میں ہوگا۔ افتتاحی اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال کی بطور مہمان خصوصی شرکت متوقع ہے۔ یورپی تنظیم برائے نیوکلیئر ریسرچ، CERN کے قیام کے 70 سال مکمل ہونے پر پاک-CERN تعاون پر خصوصی سیشن بھی منعقد کیا جائے گا۔ پاکستان CERN کا ایک ایسوسی ایٹ ممبر ہے۔پاکستان اٹامک انرجی کمیشن 1976 سے ہر سال کالج کا انعقاد کر رہا ہے۔ کالج کے انعقاد کا خیال نوبل انعام یافتہ پروفیسر ڈاکٹر عبدالسلام نے متعارف کرایا جو 1976میں کالج کے بانی ڈائریکٹر بھی تھے۔ انہوں نے ہمیشہ سائنسدانوں کے درمیان رابطے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ سائنسی برادری کے درمیان سائنسی علم کی منتقلی اور اشتراک کے لئے تعاون کو بڑھایا جا سکے۔