نیب کو سیاسی بلیک میلنگ سے آزاد کیا جائے تب ہی کام کرسکے گا، تجزیہ کار

June 23, 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے سوال کارکردگی صفر لیکن اربوں کے اخراجات، کیا نیب قومی خزانے پر غیر ضروری بوجھ؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہاکہ نیب کو سیاسی بلیک میلنگ سے آزاد کیا جائے تب ہی کام کرسکے گا،قوانین بہتر اور حکومت کی مداخلت ختم کردی جائے تو یہی نیب موثر کام کرتا نظر آئے گا،پروگرام میں تجزیہ کار ارشادبھٹی ،بینظیر شاہ اور مظہر عباس نے اظہار خیال کیا۔ ارشا دبھٹی نے کہا کہ اس وقت کس سرکاری ادارے کی کارکردگی تسلی بخش ہے، اسٹیل ملز اسکریپ میں بیچی جارہی ہے، پی آئی اے تماشا بنی ہوئی ہے، وزیرخزانہ کے مطابق سرکاری اداروں کا خسارہ ایک ہزار ارب روپے سالانہ ہے، کیا عوام کے حوالے سے عدلیہ کی کارکردگی تسلی بخش ہے؟، ایف آئی اے، پولیس، اینٹی کرپشن، ایس ای سی پی اور قانون نافذ کرنے والے سارے ادارے کیا غیرضروری بوجھ نہیں بن چکے ہیں، نیب اس لیے بوجھ بنا ہے کہ اسے سیاسی انجینئرنگ کیلئے استعمال کیا جاتا ہے، نیب کی کارکردگی بہتر کرنی ہے تو ذاتی ملازموں کے بجائے ساکھ رکھنے والے قابل افسران تعینات کیے جائیں۔