سونا کشی سنہا شادی کے بعد مسلمان نہیں ہوں گی، والد ظہیر اقبال

June 23, 2024

کراچی (نیوز ڈیسک) بھارتی اداکار ظہیر اقبال کے والد کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا ان کے بیٹے کیساتھ شادی کے بعد مسلمان نہیں ہوں گی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ظہیر اقبال کے والد اقبال رتنسی نے شوبز ویب سائٹ کو بتایا کہ سوناکشی سنہا اسلام قبول نہیں کریں گی، دونوں کی شادی اسلامی یا ہندو مذہبی روایات کے مطابق نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں اسپیشل میریج ایکٹ کے تحت شادی کریں گے اور دونوں کی شادی قانونی ہوگی، اس میں کسی بھی مذہب کا کوئی عمل دخل نہیں، یہ دو دلوں کا میلاپ ہے۔ بھارت میں دو مختلف مذاہب سےتعلق رکھنے والے افراد کی شادی کے لیے اسپیشل میریج ایکٹ موجود ہے، جس کے تحت سیف علی خان، کرینہ کپور سمیت دیگر مسلمان اور ہندو اداکاروں کی شادیاں بھی ہوچکی ہیں۔ بھارتی میڈیا نے بتایا کہ سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا اور ممکنہ طور پر دونوں کل اپنی شادی رجسٹرڈ کروائیں گے، اس کے بعد دونوں کی جانب سے شادی کی تقریبات کا انعقاد کیے جانے کا امکان ہے۔