حدیث پر مستشرقین کے اعتراضات کا تحقیقی جائزہ

June 30, 2024

مصنّف: پروفیسر حافظ حسن عامر

صفحات: 258، قیمت: 1250 روپے

ناشر: ورلڈ ویو پبلشرز، دُکان نمبر 11، الحمد مارکیٹ، غزنی اسٹریٹ، اردو بازار، لاہور۔

فون نمبر:4404493 - 0308

پروفیسر حافظ حسن عامر، ڈی- جے- سندھ گورنمنٹ سائنس کالج، کراچی کے صدر شعبۂ اسلامیات ہیں۔اُنھوں نے اپنے ایم فِل کے مقالے میں’’ شارٹر انسائیکلوپیڈیا آف اسلام‘‘ کے تناظر میں،( جسے دو مشہور مستشرقین، ہملٹن الیگزینڈر اور جے- ایچ کریمرز نے مرتّب کیا تھا)، حدیث پر مستشرقین کے اعتراضات کا تحقیقی جائزہ لیا، جسے اب کتابی صُورت میں شایع کیا گیا ہے۔

اِس ضمن میں جامعہ کراچی کے شعبہ اسلامی تاریخ کے سربراہ، ڈاکٹر حافظ محمّد سہیل شفیق کا کہنا ہے کہ’’ شارٹر انسائیکلوپیڈیا کے مرتّبین نے بعض بالکل بدیہی معاملات میں بھی متعصّبانہ طور پر منفی رائے کا اظہار کیا ہے اور بعض ایسی صاف اور واضح چیزوں کی انتہائی غلط تعبیرات کی ہیں، جو عقلِ سلیم کے خلاف ہیں اور علمی و تحقیقی اصولوں سے بھی متعارض ہیں۔ فاضل مقالہ نگار نے مستشرقین کے اعتراضات کا قرآن و سنّت کی روشنی میں علمی و تحقیقی جواب دیا ہے۔

اُمید ہے، علمی حلقوں میں یہ کتاب استشراق شناسی میں معاون ثابت ہوگی۔‘‘مولانا الطاف الرّحمٰن عبّاسی کے مطابق’’ یہ مقالہ علمِ حدیث کے طالبین اور شائقین کے لیے اپنے دامن میں بہت سے جواہر اور ذخائر لیے ہوئے ہے۔‘‘ یہ کتاب چھے ابواب’’حدیث‘‘،’’ تحریکِ استشراق‘‘، ’’ شارٹر انسائیکلو پیڈیا آف اسلام کا تعارف‘‘،’’ شارٹر انسائیکلو پیڈیا آف اسلام کے اسنادِ حدیث پر اعتراضات‘‘،’’شارٹر انسائیکلو پیڈیا آف اسلام کے درایتِ حدیث پر اعتراضات‘‘ اور’’ عہدِ حاضر میں ردّ ِ استشراق کی ضرورت و اہمیت‘‘ پر مشتمل ہے۔ ناموں، کتب و رسائل اور مقامات کے اشاریے سمیت حوالہ جات کی فہرست بھی کتاب کا حصّہ ہے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ مقالہ کس قدر محنت سے لکھا گیا ہے۔