میڈیا پر آنے کا شوق نہیں‘ عوام اور اسمبلی کو جوابدہ ہوں‘ مراد علی شاہ

June 27, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ میں سندھ کے عوام اور اسمبلی کو جوابدہ ہوں‘ہر مشکل گھڑی میں ہم اپنے عوام کے ساتھ ہیں‘اپنے کام سے کام رکھتا ہوں، میڈیا پر آنے کا شوق نہیں‘میڈیا کی خبروں میں پڑ جاؤں تو کام کیسے کروں؟سندھ کے لوگوں نے 1970سے اب تک پیپلز پارٹی کو ہی چنا ہے۔ سکھر بیراج کے دروازوں کے حادثے سے متعلق سندھ اسمبلی میں بدھ کو پالیسی بیان دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ ایک چینی کمپنی اس منصوبے پر کام کر رہی ہے‘ ڈاون اسٹریم مکمل کرنے کیلئے تالاب بنانے ہیں، کل وزیر آبپاشی نے بتایا تھا کہ ہمیں چار روز چاہئیں لیکن آج فجر کے وقت تالاب مکمل ہوگیا ہے ۔دریائے سندھ میں جون اور جولائی کے دوران پانی کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے۔ جب یہ دروازہ گرا تو ایک لاکھ پانچ ہزار کیوسک پانی تھا۔