ایف آئی اے ADG نارتھ تعینات، ڈائریکٹر کراچی کی تعیناتی معمہ

June 27, 2024

کراچی (اسد ابن حسن) ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نارتھ کی تعیناتی کر دی گئی ہے جبکہ ملک بھر کے اہم اور حساس ترین زون، کراچی، جس کی حدود میں سب سے زیادہ وائٹ کالر کرائم، منی لانڈرنگ اور ہنڈی حوالہ کی تحقیقات اور مقدمات درج ہوتے ہیں اس کے نئے ڈائریکٹر کی تعیناتی ایک معمہ بنی ہوئی ہے۔ اس حوالے سے نہ صرف کراچی بلکہ پورے ملک کے ایف آئی اے کے دفاتر میں یہی موضوع زیر بحث ہے۔نعمان صدیقی ڈائریکٹر مقرر کئے جانے کے باوجود چارج نہ لے سکے، پرانے ڈائریکٹر زعیم اقبال نے چارج نہیں چھوڑا ۔ گزشتہ پیر کو نئے ڈائریکٹر کراچی زون نعمان صدیقی نے چارج سنبھال لیا ہے مگر اس تعیناتی پر ابہام اس لیے پیدا ہوا کہ 22 مئی کو ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کی جانب سے ایک نوٹیفکیشن جاری ہوا کہ ڈائریکٹر کراچی زون زعیم اقبال شیخ کا تبادلہ اسلام آباد کر دیا گیا ہے اور نعمان صدیقی کو نیا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔ مگر نہ پرانے ڈائریکٹر نے چارج چھوڑا اور نہ نئے ڈائریکٹر نے چارج لیا اور پھر 4 جون کو ایک اور نوٹیفکیشن جاری ہوا کہ نعمان صدیقی کی تعیناتی کو فی الحال معطل کر دیا گیا ہے ۔