ٹرمپ کی انتخابی مہم، 10 ارب پتی شخصیات 34 ارب روپے عطیہ کرچکے

June 27, 2024

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم میں ملک کی 10 امیر ترین ارب پتی شخصیات اب تک 12کروڑ 30 لاکھ ڈالر (34 ارب 26 کروڑ 16 لاکھ، 50 ہزار کے عطیات دے چکے ہیں، الیکشن کمیشن میں جمع کردہ اعداد و شمار کے مطابق یہ رقم ٹرمپ کی حمایت کرنے والے مختلف گروہوں کو فراہم کی گئی ہے۔ یہ ایک اچھی خاصی رقم بنتی ہے تاہم ان 10 ارب پتیوں کی مجموعی دولت 55 ارب ڈالر (153 کھرب 20 ارب، 25 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) بنتی ہے۔ ٹرمپ کو عطیات دینے والوں میں سر فہرست ٹیموتھلی میلون ہیں جنہوں نے 7 کروڑ 65 لاکھ ڈالر یعنی 21 ارب پاکستانی روپے سے زائد کی رقم عطیہ کی جبکہ ان کی مجموعی دولت ایک ارب ڈالر یعنی (2 کھرب، 78 ارب 55 کروڑ پاکستانی روپے) سے زائد ہے۔ دوسرے نمبر پر لیندا میک میہن ہیں جنہوں نے 11 کروڑ 10 لاکھ (3 ارب پاکستانی روپے) سے زائد کی رقم عطیہ کی جبکہ ان کی مجموی دولت 2.9 ارب ڈالر (5 کھرب 84 ارب پاکستانی روپے) سے زائد ہے۔ تیسرے نمبر پر کیلسی وارن ہیں جنہوں نے 58 لاکھ ڈالر (ایک ارب 61 کروڑ سے زائد) کی رقم عطیہ کی جبکہ ان کی مجموعی دولت 6.3 ارب ڈالر یعنی (17 کھرب 54 ارب پاکستانی روپے) سے زائد ہے۔ اسی طرح چوتھے نمبر پر دیانے ہینڈرکس ہیں جنہوں نے ٹرمپ کے گروہوں کو 55 لاکھ ڈالر (ڈیڑھ ارب پاکستانی روپے) سے زائد کا عطیہ دیا ہے جبکہ ان کی مجموعی دولت 20.9 ارب ڈالر (58 کھرب پاکستنانی روپے) سے زائد ہے۔ پانچویں نمبر پر ٹم ڈن ہیں جنہوں نے 50 لاکھ ڈالر (ایک ارب 39 کروڑ پاکستانی روپے) سے زائد کی رقم عطیہ کی جبکہ ان کی مجموی دولت 2.2 ارب ڈالر (6 کھرب 12 ارب پاکستانی روپے) سے زائد ہے۔