پی ٹی آئی کے زیر اہتمام قبائلی جرگہ، آپریشن عزم استحکام کی مخالفت کا اعلان

June 27, 2024

پشاور (ایجنسیاں، جنگ نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے خیبرپختونخوا کے قبائلی جرگے میں آپریشن عزم استحکام کی مخالفت اور عمران خان کی رہائی کی قرارداد منظور کرلی گئی۔جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور اپوزیشن الائنس تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ہمیں مجبور نہ کیا جائے کہ ہم اپنا معاملہ عالمی عدالت انصاف لے کر جائیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے آپریشن عزم استحکام کے حوالے سے قبائلی جرگے کا انعقاد کیا گیا جس میں خیبرپختونخوا کے قبائل سے تعلق رکھنے والے مشران اور معززین نے شرکت کی۔جرگے میں تحریک انصاف کی مرکزی اور صوبائی قیادت بھی شریک تھی جبکہ تحفظ آئین پاکستان الائنس کے سربراہ محمود خان اچکزئی سمیت دیگر مقررین نے جرگے سے خطاب کیا۔ جرگے میں مختلف قراردادیں پیش کی گئیں جنہیں شرکا نے کثرت رائے سے منظور کرلیا۔