اپنی شہرت کی بناء پر کام لے کر آگے کسی کو دینے اور نفع رکھنے کا حکم

June 28, 2024

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال:1- مجھے میری مارکیٹ ویلیوپر کام ملتا ہے ،کچھ وجوہات کی بناء پر میں وہ کسی دوست یا جاننے والے کو دے دیتا ہوں تو اس کنٹرکٹ پر کچھ اپنا کمیشن رکھ لیتا ہوں جس میں میری کوئی محنت نہیں، پر میری گڈول کی بناء پر پارٹی کام دیتی ہے، اس صورت میں کیا و ہ کمیشن میرے لیے جائز ہے؟

2- ایک پارٹی مجھ سے کسی سامان کی ڈیمانڈ کرتی ہے، مثلاً وہ چیز 100کی ہے اور میں اس کا بندوبست کر کے اسی چیز کو 150کی دیتا ہو ں تو اس صورت میں ان 50 روپےکا میر ے لیے کیا حکم ہے؟

جواب:1.صورتِ مسئولہ میں سائل کو ملنے والا کا م آگے کسی دوسرے کو کم اجرت پر دے کر کرانےکی صورت میں جونفع ملےگا،وہ لیناجائزہوگا،البتہ اگر گاہک یہ کہہ دے کہ سائل خود یہ کام کرے گا تو ایسی صورت میں سائل کے لیے آگے دوسرے کو دینا جائز نہیں ہوگا۔

2- سائل سے جب کوئی پارٹی کسی سامان کی ڈیمانڈ کرتی ہے ، جو کہ 100روپے کا ہوتا ہے اور سائل اس سامان کا انتظام کر کے آگے 150 پر دیتا ہے، تو اگر سائل وہ چیز اپنے لیے سو روپے میں خریدنے کے بعد بائع بن کر 150 میں فروخت کرتاہے تو یہ جائز ہے۔ اگردلاّل یا بروکر بن کر انتظام کر دیتا ہے، تو سامان کا انتظام کرکے دینے کی اجرت متعین کرلے اور کام انجام دینے کے بعد وہی طے شدہ اجرت لےلے، اس سےزائد نفع نہ لے، یعنی اس صورت میں سوروپےمیں خرید کر سو روپے سے زائد لینا جائز نہیں ہوگا۔ (بدائع الصنائع، کتاب المضاربۃ، ج:6، ص:97، ط: دار الکتب العلميۃ -رد المحتار، کتاب الاجارۃ، ج:6، ص:63، ط:سعيد)