بھارتی اداکارہ حنا خان میں چھاتی کے کینسر کی تشخیص

June 28, 2024

--- فائل فوٹو

بھارتی ڈراموں سے شہرت کی بلندی کو چھونے کے بعد ہندی فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے والی اداکارہ حنا خان سینے کے سرطان میں مبتلا ہوگئی ہیں۔

انہوں نے یہ افسوس ناک خبر خود سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے پرستاروں کو دی ہے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر 36 سالہ اداکارہ نے موذی مرض کی تشخیص کے حوالے سے اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ان میں بریسٹ کینسر کے اسٹیج 3 کی تشخیص ہوئی ہے جس کا علاج شروع ہو چکا ہے۔

خیال رہے کہ اداکارہ نے اپنی صحت سے متعلق گردشی خبروں پر خاموشی توڑتے ہوئے انسٹاپوسٹ جاری کی ہے۔

انہوں نے لکھا کہ ’گردشی افواہوں کو دور کرنے کی خاطر اپنے چاہنے والوں کو بتانا چاہتی ہوں کہ مجھ میں اسٹیج 3 بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ اس پیچیدہ تشخیص کے باوجود میں اپنے تمام چاہنے والوں کو یقین دلانا چاہتی ہوں کہ میں خیریت سے ہوں اور اس موذی مرض پر قابو پانے کے لیے مضبوط اور پُرعزم ہوں۔ میں مکمل طور پر صحت یاب ہونے کی خاطر ہر ضروری اقدام اُٹھانے کے لیے تیار ہوں۔

اداکارہ نے یہ بھی بتایا ہے کہ ان کا علاج شروع ہوچکا ہے۔ اس مشکل گھڑی میں ان کے اہل خانہ ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے پرستاروں سے دعاؤں اور پرائیوسی کا خیال رکھنے کی درخواست بھی کی ہے۔