شتروگھن سنہا اسپتال سے گھر منتقل

July 03, 2024

بھارتی سینئر اداکار شتروگھن سنہا---فائل فوٹو

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار شتروگھن سنہا کو صحت میں بہتری محسوس ہونے پر اسپتال سےڈسچارج کر دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شتروگھن سنہا، جنہیں کچھ روز قبل طبیعت بگڑنے پر ممبئی کے کوکیلا بین امبانی اسپتال میں منتقل کیا گیا تھا، اُنہیں اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔

شتروگھن سنہا کو اِن کی نوبیاہتا بیٹی سوناکشی سنہا اور اُن کے شوہر ظہیر اقبال اسپتال لے کر پہنچے تھے۔

بھارتی میڈیا ’ٹائمز ناؤ‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق شتروگھن سنہا کو اہلیہ پونم سنہا اور جڑواں بیٹے لَو اور کُش اسپتال سے رہائش گاہ رامائن میں واپس لائے ہیں۔

دوسری جانب شتروگھن سنہا کے قریبی دوست، فلمساز پہلاج نہلانی نے بھی اپنے دوست کے اسپتال سے ڈسچارج ہونے کی تصدیق کی ہے۔

پہلاج نہلانی کا کہنا ہے کہ میں بہت خوش ہوں کہ میرا دوست اسپتال سے واپس اپنے گھر آگیا ہے۔

واضح رہے کہ شتروگھن سنہا کو 26 جون کو ان کی رہائش گاہ پر پسلیوں میں چوٹ لگنے کے باعث اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔