کراچی میں خاتون اور بچوں کی لاشیں برآمد، کمسن بچوں کے ساتھ زیادتی کی تصدیق

July 03, 2024


کراچی کے علاقے ماڑی پور میں نالے سے ملنے والی خاتون اور اس کے دو بچوں کی لاشیں ملنے کے واقعے کی تفتیش جاری ہے، پوسٹمارٹم میں بچوں سے زیادتی کی تصدیق ہوگئی، مقتولہ خاتون سے بھی زیادتی کے شواہد ملے ہیں۔

پولیس کے مطابق خاتون سے زیادتی کی تصدیق کیمیکل رپورٹ سے ہوگی، فی الحال مقدمہ قتل کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے خاتون اور دو بچوں کی لاشیں نالے سے ملی تھیں، مقتولہ کے شوہر کے مطابق خاتون بچوں کو لے کر پیر سے دم کروانے گئی تھی۔

پولیس کے مطابق لاشیں شیر محمد ولیج میں نالے سے ملیں، متوفین کی شناخت 25 سالہ رقیہ، 6 سالہ فاطمہ اور 2 سالہ عدنان کے نام سے ہوئی ہے۔

خاتون اپنے 2 بچوں سمیت 2 روز سے لاپتہ تھی، خاتون کے شوہر نے تینوں کی گمشدگی کی رپورٹ بھی جمع کرائی تھی۔