باجوڑ: سیکیورٹی فورسز نے دہشت گرد کمانڈر عرفان اللّٰہ کو ہلاک کردیا، آئی ایس پی آر

July 03, 2024

سیکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں دہشت گرد کمانڈر عرفان اللّٰہ عرف عدنان ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں ہائی پروفائل دہشت گرد کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا۔

سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد کمانڈ عرفان اللّٰہ عرف عدنان ہلاک ہوا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا، جو متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں، بھتہ خوری اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مقامی لوگوں نے دہشت گردی کے خلاف آپریشن کو سراہا اور دہشت گردی کے خاتمے کےلیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کا اظہارکیا۔