فلسطین کے حامی مظاہرین نے ڈیفنس و سیکورٹی کمپنی کے راستے بلاک کردیئے

July 04, 2024

لندن (پی اے) غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرنے والے فلسطین کے حامی100سے زیادہ مظاہرین نے گزشتہ روز گلاسگو میں ڈیفنس اور سیکورٹی کمپنی Thales کے راستے بلاک کردیئے، مظاہرین کمپنی پر اسرائیل سے تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ کررہے تھے۔ مظاہرین نے برطانوی حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو اسلحہ کی برآمد بند کرے۔ اس سے قبل گزشتہ مہینہ اس کمپنی کے سامنے مظاہرے کے دوران ہونے والی ہنگامہ آئی کے دوران کم از کم 6 پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے اور 4 افراد کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔ 28 سالہ کیٹی، جو اسکاٹ یونیورسٹی میں ملازمت کرتی ہیں، نے بتایا کہ اسرائیل مسلسل بمباری کر کے فلسطین میں گھروں، ہسپتالوں، مساجد، چرچز، اسکولوں اور یونیورسٹیز کو جان بوجھ کر تباہ کررہا ہے، آج ہم یہاں ان کمپنیوں پر ضرب لگانے آئے ہیں، جو انسانی قتل عام سے منافع کما رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جب تک فلسطینی عوام غیرمعمولی خوف وہراس اور ذلت آمیز عذاب سے نجات نہیں حاصل کرتے، ہم خاموش نہیں بیٹھ سکتے۔ ہم فلسطین کے لوگوں کے ساتھ اسکاٹ عوام کی یکجہتی کا اظہار کررہے ہیں۔