اسائلم سیکر کو پاکستانی پاسپورٹ کا مسئلہ جلد حل ہوجائے گا، اسحاق ڈار

July 04, 2024

مانچسٹر (ہارون مرزا) مسلم لیگ ن کے چیف کوارڈینیٹر بیرسٹر امجد ملک نے دیار غیر باالخصوص یورپ میں مقیم ایسے افراد جو ان ممالک میں سیاسی پناہ کے خواہش مند تھے، کی طرف سے پاسپورٹ کے اجرا پر حکومت پاکستان کی پابندی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ پاکستان کو آگاہ کرتے ہوئے تحفظات سے آگاہ کیا۔ بیرسٹر امجد ملک نے ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے کہا کہ ان بے یارو مددگار ہزاروں افراد سے قومی شناخت اور پاسپورٹ کی سہولت ختم نہ کی جائے، انہوں نے وزارت خارجہ سے اوورسیز پاکستانیوں کی دستاویزات کی تصدیق کے سلسلہ میں غیر ضروری تاخیر اور رشوت کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ پاکستان اسحاق ڈار بیرسٹر امجد ملک کو سیاسی پناہ کے خواہش مند افراد کو پاکستانی پاسپورٹ جاری نہ کرنے کے مسئلے پر وزیر داخلہ سے مشاورت کر کے مذکورہ اسائلم سیکر کو پاسپورٹ جاری کرنے کیلئے جلد فیصلہ کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔ وزیر خارجہ نے اس سلسلہ میں فوری طور پر اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی ہے اور یقین دلایا ہے کہ وہ اوورسیز پاکستانیوں کے تمام مسائل کے حل کیلئے بیرسٹر امجد ملک کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ منشور کے مطابق اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل فوری طور پر حل کئے جائیں گے۔