تنخواہوں کا تنازع، جاب سینٹرسیکورٹی گارڈز نے ایک ہفتے کی ہڑتال شروع کردی

July 04, 2024

الندن (پی اے) جاب سینٹر کے سیکورٹی گارڈز نے تنخواہوں کے مسئلے پر ایک ہفتے کی ہڑتال شروع کر دی۔ GMB کا کہنا ہے کہG4S میں ملازم اس کے کم وبیش1,500ارکان نے ہڑتال شروع کی ہے جو ہفتے تک جاری رہے گی۔یونین کا کہنا ہے کہ 90فیصد گارڈز کو کم از کم تنخواہ کی شرح سے اجرت ادا کی جاتی ہے۔ جی ایم بی کے نیشنل افسر Eamon O’Hearn کا کہنا ہے کہ اگر ورک اور پنشنز اور G4S اس تنازعے کو ختم کرنا چاہتے ہیں تو گارڈز کو اتنی تنخواہ تو دیں کہ وہ زندگی گزار سکیں۔ اس وقت ہمارے ارکان اپنی فیملیز کوبمشکل خوراک فراہم کرپاتے ہیں، انھیں سخت محنت کا کام کرنا پڑتا ہے، اپنی ملازمت کے دوران انھیں ریگولر ہونے پر مجبور ہونا پڑتا ہے، اس لئے وہ مناسب تنخواہ کے حقدار تو بنتے ہیں۔ G4S کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ ہمارے سیکورٹی کے محنتی اور کام کی لگن رکھنے والے ساتھی بعض اوقات انتہائی مشکل صورت حال میں بھی بڑی اہم ذمہ داریاں نبھاتے ہیں، ہم GMB سے کہتے ہیں کہ وہ ہماری آفر، جو کم از کم اجرت اور افراط زر کی شرح سے زیادہ ہے، ہمارے ملازمین کے سامنے رکھے۔ ہم اس تنازعہ کا متفقہ حل نکالنے میں دلچسپی رکھتے ہیں، ہمارا ہنگامی پلان، جو ورک اور پنشنز کی شراکت نے متفقہ طور پر بنایا گیا ہے، مکمل سروس برقرار رکھنے میں بہت ہی موثر ثابت ہوا ہے اور ہم ورک اور پنشنز کے مقامات، ملازمین اور سروس سے استفادہ کرنے کے تحفظ کیلئے انھیں اختیار کریں گے۔ G4S کا کہنا ہے کہ اس نے تنخواہوں کی جو آفر کی ہے، وہ تنخواہوں میں اپریل سے 6.5 فیصد اور دسمبر سے اوسطاً 9.3 فی صداضافے کی ہے۔ ایک ترجمان نے کہا کہ اپریل 2024 میں یہ ہماری بہترین اور آخری آفر ہے، جو GMB کو پیش کی گئی ہے لیکن یونین نے اسے ملازمین کی رائے لینے کیلئے سامنے لانے سے انکار کردیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ایک دفعہ اتفاق رائے ہوجائے تو ہمارے ملازمین کو تمام سابقہ واجبات بھی ادا کردیئے جائیں گے۔ 2022سے G4S تنخواہوں کے حوالے سے 12آفرز کیں لیکن GMB نے اس میں سے صرف2ووٹنگ کیلئے پیش کیں۔ ورک اور پنشن ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ بینی فٹس کی ادائیگی اور اس کی ٹیلی فون سروس اس ہڑتال سے متاثر نہیں ہوگی۔ جہاں بھی جاب سینٹر کا کھولنا محفوظ ہوا، وہاں جاب سینٹر کھلے رہیں گے، اگر کسی وجہ سے جاب سینٹر بند ہوگا تو اگر اپائنٹمنٹ ری شیڈول کرنا ہوا تو ہم صارفین سے رابطہ کریں گے اور ارجنٹ اپائنٹمنٹ کیلئے متبادل جگہ کے بارے میں سائن پوسٹ لگائے جائیں گے۔