پنجاب، جس طرح ن لیگ حکومت چلا رہی ایسا نہیں ہونا چاہئے، علی حیدر گیلانی

July 04, 2024

لاہور(آصف محمود بٹ) پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید علی حیدر گیلانی نے کہا ہے کہ پنجاب میں جس طرح ن لیگ حکومت چلا رہی ہے ایسا نہیں ہونا چاہئے ، پنجاب میں نان پولیٹیکل بیوروکریٹک ماڈل ہے ، ہم نے ن لیگ کے ساتھ ایک سال کے اندر تمام صوبوں میں ایک طاقتور لوکل گورنمنٹ سسٹم کے لئے معاہدے پر دستخط کئے تھے لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہوا۔ ہم پنجاب میں کوئی انتظامی پوسٹنگ نہیں چاہتے بلکہ غیر سیاسی اور میرٹ پر ٹرانسفر پوسٹنگز کا مطالبہ کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ’’جنگ‘‘ سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔ سید علی حیدر گیلانی نے کہا کہ 20فروری 2024کو پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے وفاق میں 24نکات پر مشتمل تحریری معاہدہ کیا ۔ ان 24نکات میں ایک یہ بھی تھا ایک کمیٹی بنے گی جو پنجا ب کے معاملات کا فیصلہ کرے گی لیکن آج تک ان پر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت نے پنجاب کمیٹی کے سامنے جو مطالبات رکھے ہیں ان کے مطابق عشر، زکوٰۃ، بیت المال اور مارکیٹ کمیٹی عہدیداروں میں پیپلز پارٹی کا شیئر ہوگا۔