ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی کارکردگی بھولے نہیں، مداحوں نے شاداب خان کو یاد دلا دیا

July 04, 2024

فائل فوٹو

مداحوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان کو یاد دلا دیا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی کارکردگی بھولے نہیں ہیں۔

شاداب خان کو لنکا پریمیئر لیگ سے متعلق اپنی کارکردگی کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنا کچھ حد تک مہنگا پڑ گیا جہاں مداحوں نے ان کی کلاس لے لی۔

حال ہی میں ختم ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شاداب خان کی کارکردگی بھی بہت مایوس کُن تھی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے ٹیم کے باہر ہونے کے بعد ان دنوں شاداب خان لنکا پریمیئر لیگ کھیل رہے ہیں جہاں انہوں نے ایک میچ میں ہیٹ ٹرک کی جس کے بعد اپنی کارکردگی سے متعلق پوسٹ انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کی۔

مداحوں کی جانب سے ان کی پوسٹ پر منفی تبصرے کیے گئے اور خوب تنقید کی گئی۔

ایک صارف نے لکھا کہ آپ کو لیگز ہی کھیلنی چاہیے، براۂ مہربانی انٹرنیشنل کرکٹ نہ کھیلیں۔

شاداب خان کی پوسٹ پر ایک صارف نے لکھا کہ آپ کو اپنا لیول مل گیا، اب وہیں رہیں جبکہ ایک اور صارف نے لکھا کہ خوش تو ایسے ہورہا ہے جیسے ورلڈ کپ جیت کر آرہا ہے۔

ایک اکاؤنٹ سے شاداب خان کو انٹرنیشنل کرکٹ کے بجائے لیگ کرکٹ کا کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ پالی کیلے میں کھیلے گئے میچ میں کولمبو اسٹرائیکرز کی جانب سے کھیلتے ہوئے شاداب خان نے کینڈی فیلکنز کے خلاف ہیٹ ٹرک کی۔

شاداب خان نے ہیٹ ٹرک سمیت 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شاندار بولنگ پر وہ پلیئر آف دی میچ قرار پائے تھے۔