بابر اور رضوان بیٹنگ انداز بدلیں یا ڈراپ ہونے کیلئے تیار رہیں، راشد لطیف

July 04, 2024

فائل فوٹو

پاکستان ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے بابر اعظم اور محمد رضوان کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی بیٹنگ کا انداز بدل لیں یا ٹی ٹوئنٹی ٹیم سے ڈراپ ہونے کے لیے تیار رہیں۔

اپنے یوٹیوبچینل پر بات کرتے ہوئے راشد لطیف نے کہا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان کو بھارت کے اسٹار پلیئرز ویرات کوہلی اور روہت شرما سے سیکھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ روہت شرما اور ویرات کوہلی نے اپنے بیٹنگ کے انداز کو بہت بدلا ہے، روہت نے خود کو 190 ڈگری بدل لیا ہے، تبدیلی ممکن ہے اس کی مثال یہ دونوں بیٹرز ہیں۔

راشد لطیف کا کہنا ہے کہ آئی پی ایل میں ان کا اسٹرائیک ریٹ 130-140 کے درمیان تھا تاہم اس سے یہ 160 تک پہنچ گیا، جب یہ دونوں خود کے بیٹنگ اسٹائل کو بدل سکتے ہیں تو کوئی بھی بدل سکتا ہے۔

سابق کپتان نے کہا کہ میں بابر اعظم اور محمد رضوان کو ٹی ٹوئنٹی میں اپنی بیٹنگ کے انداز کو تبدیل کرنے کے لیے 5 میچ دوں گا اور اگر وہ ایسا نہیں کریں گے تو ان کے لیے ٹیم میں کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بابر اعظم کی سب سے بڑی غلطی دوبارہ کپتانی قبول کرنا تھی، اگر وہ کپتانی جاری رکھتے ہیں تو یہ ان کی اس سے بھی بڑی غلطی ہو گی۔