پولیس کو شہباز گل کے بھائی کی بازیابی یقینی بنانے کا حکم

July 04, 2024

فائل فوٹو

لاہور ہائی کورٹ نے پولیس کو ڈاکٹر شہباز گل کے بھائی کی بازیابی یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔

ڈاکٹر شہباز گل کے بھائی کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر جسٹس امجد رفیق نے سماعت کی۔

سیکریٹری داخلہ پنجاب نورالامین مینگل، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ پیر والے دن عدالتی حکم پر جیو فینسنگ کا ڈیٹا حاصل کیا گیا، جیو فینسنگ کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا جا رہا ہے۔

جسٹس امجد رفیق نے کہا کہ ایجنسیوں کے نمبر سامنے آتے ہی نہیں یا آجاتے ہیں؟

سیکریٹری داخلہ پنجاب نے کہا کہ اگر کال وٹس ایپ پر کی جائے تو نمبر آجاتا ہے، ریگولر نمبر پر کی جائے تو نہیں آتے۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ ہمیں ڈاکٹر شہباز گل کے بھائی کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا۔

جسٹس امجد رفیق نے کہا کہ آپ کے چہروں سے پتہ چلتا ہے کہ آپ بے بس ہیں، ہم اللّٰہ سے دعا کرتے ہیں کہ مغوی خیر و عافیت سے گھر واپس آئے۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ شہباز گل کے بھائی غلام شبیر کو اسلام آباد جاتے ہوئے حراست میں لیا گیا، شہباز گل کے بھائی کی جان کو خطرہ ہے، عدالت بازیاب کروانے کا حکم دے۔

لاہور ہائی کورٹ نے مزید سماعت 18 جولائی تک ملتوی کر دی۔