تنگ کرنے کیلئے حامد رضا کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا: چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ

July 04, 2024

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق—فائل فوٹو

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کےسربراہ صاحبزادہ حامد رضا کا نام سفری پابندی کی فہرست سے نکالنے کی درخواست پر سیکریٹری داخلہ اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

صاحبزادہ حامد رضا کا نام سفری پابندی کی فہرست سے نکالنے کی درخواست پرچیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے سماعت کی۔

دورانِ سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سید احسن رضا کو روسٹرم پر بلایا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے سوال کیا کہ آپ کو کیا لگتا ہے کہ یہ باہر جا کر واپس نہیں آئیں گے؟ سیاسی لیڈر ہیں باہر گئے تو واپس آ جائیں گے، صرف تنگ کرنے کے لیے نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا ہے۔

عدالت نے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔