صحافی نصراللّٰہ گڈانی قتل کیس، نامزد ملزم ٹاؤن چیئرمین میرپور ماتھیلو معطل

July 04, 2024

مقتول صحافی نصراللّٰه گڈانی: فوٹو فائل

صحافی نصراللّٰه گڈانی قتل کیس میں نامزد ملزم اور میرپور ماتھیلو کے ٹاؤن چیئرمین شہباز لوند کو معطل کردیا گیا۔

سندھ حکومت نے سندھ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کے تحت کارروائی کرتے ہوئے شہباز لوند کو معطل کیا، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

میرپور ماتھیلو کے صحافی نصراللّٰه گڈانی مسلح افراد کے حملے میں 25 مئی کو جاں بحق ہوئے تھے۔

مقتول صحافی کے قتل کا مقدمہ تھانہ میرپور ماتھیلو میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ صحافی نصراللّٰہ گڈانی کو گزشتہ ماہ میرپور ماتھیلو میں قاتلانہ حملے میں 3 گولیاں لگی تھیں، جس کے بعد انہیں زخمی حالت میں پہلے علاج کے لیے رحیم یار خان منتقل کیا گیا تھا، بعد میں وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر کراچی کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں دوران علاج نصراللّٰہ گڈانی انتقال کرگئے تھے۔