جنسی استحصال کے الزامات، فرانس کے دو فلم ڈائریکٹرز گرفتار

July 05, 2024

پیرس (نیوز ڈیسک)فرانسیسی حکام نے معروف فلم ڈائریکٹرز بینوئٹ جیک کوٹ اور جیکس ڈولن کو جنسی استحصال کے الزامات پر پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 77سالہ جیکٹ اور 80سالہ ڈولن اپنے وکلا کے ہمراہ پیرس کے پولیس اسٹیشن میں پیش ہوئے۔عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ڈائریکٹرز سےممکنہ طور پر ان پر الزام لگانے والوں کی موجودگی میں پوچھ گچھ کی جا سکتی ہے۔ 52سالہ اداکارہ اور ہدایت کار جوڈتھ گوڈریچے نے رواں سال کے اوائل میں باضابطہ طور پر جیکوٹ پر ریپ اور ڈولن پر جنسی زیادتی کا الزام عائد کیا تھا۔کئی دیگر اداکاروں نے بھی دونوں ملزمان کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔ 41سالہ اسلڈ لی بیسکو نے الزام عائد کیا ہے کہ 1998سے 2007کے درمیان جیکوٹ نے اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی تھی جس کا آغاز اس وقت ہوا تھا جب وہ 16سال کی تھی۔اس معاملے سے جڑے ایک قریبی ذرائع نے بتایا کہ 34سالہ اداکارہ جولیا رائے نے ان پر تشدد اور جنسی استحصال کا الزام عائد کیا ہے جو کئی سالوں تک جاری رہا۔