سرجیوفرے بائیکاٹ کو دوسری مرتبہ گلے کے کینسر کی تشخیص

July 05, 2024

لندن (پی اے) یارک شائر اور انگلینڈ کے کرکٹ ٹیم کے سابق نامور بیٹس مین سرجیوفرےبائیکاٹ نے بتایا ہے کہ ان کو دوسری مرتبہ گلےکے کینسر کی تشخیص کی گئی ہے، اب 83سالہ سر جیوفرےبائیکاٹ اس موذی مرض کو ایک دفعہ پھر شکست دینے کیلئے اس مہینے کے آخر تک سرجری کرائیں گے۔ سرجیفبائیکاٹ کو 62 سال کی عمر میں 2002میں پہلی مرتبہ کینسر تشخیص کیا گیا تھا۔ٹیلی گراف میں شائع ہونے والے اپنے ایک بیان میں سرجیوفرےبائیکاٹ نے کہا ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران میں نے ایم آر آئی اسکین، سی ٹی اسکین، ایک پیٹ کے اسکین اور 2 بایوپسیز کرائیں، جس سے تشخیص ہوا کہ مجھے گلےکا کینسر ہے اور اس کا آپریشن کرنا ہوگا۔ ماضی کے تجربے سے مجھے احساس ہے کہ دوسری مرتبہ کینسر کو شکست دینے کیلئے مجھے بہترین طبی علاج اور اچھی قسمت کی ضرورت ہوگی۔ ان کا کہنا ہے کہ کینسر کا ہر مریض یہ جانتا ہے کہ اگر آپریشن کامیاب ہوجائے تو بھی کینسر دوبارہ ہونے کا خدشہ برقرار رہتا ہے۔ اس لئے میں آپریشن اچھائی کی امید پر ہی کرا رہا ہوں۔ سرجیوفرےبائیکاٹ نے اپنے 25سالہ کیریئر کے دوران مجموعی طورپر انگلینڈ کیلئے 108 ٹیسٹ کھیلے اور 151 فرسٹ کلاس سینچریز اسکور کیں۔ 1982 میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد وہ 2020 تک بی بی سی پر ٹیسٹ میچ پر ماہرانہ تبصرےپیش کرتے رہے۔