سرجری کا مطلب زیادتی نہیں نظام کی درستی، پی سی بی چیف، جس دن پریشر آیا گھر چلا جاؤں گا

July 05, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن اور اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کو لاہور طلب کرلیا ہے ، جبکہ ٹیسٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی اتوار کو کراچی پہنچ رہے ہیں۔ محسن نقوی نے مستقبل کے لائحہ عمل کیلئے سابق کپتانوں وسیم اکرم ، وقار یونس ، انضمام الحق سمیت کئی کرکٹرز سے مشورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت میں انہوں نے کہا کہ سرجری کا مطلب کسی سے زیادتی نہیں بلکہ نظام کو درست کرنا ہے۔ جس دن میں پریشر میں آیا بہتر سمجھوں گا کہ گھر چلا جاؤں، وہ سابق کرکٹرز معاملات دیکھیں گے جن کی روزی روٹی ٹی وی چینلز پر بولنا نہیں ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی کی جانب سے سابق کپتان انضمام الحق، معین خان، مصباح الحق، شعیب ملک، شاہد آفریدی، یونس خان سے رابطے کیے گئے ہیں، جب کہ ثقلین مشتاق، مشتاق احمد، وقار یونس کو کام کرنے کی پیشکش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ میں ٹیم سے غلطیاں ہوئی ہیں، انکی نشاندہی کرکے آگے بڑھنا ہے ۔ کپتان بابر اعظم کو تبدیل کرنے سے متعلق ابھی فیصلہ نہیں ہوا، سابق کرکٹرز فیصلہ کریں گے، شان مسعود کو ہٹانے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ دونوں ہیڈ کوچز اور چار سے پانچ کمیٹیاں کپتان سے متعلق بحث کریں گے۔ کبھی فیصلہ غصے میں نہیں کرتا، جلد بازی کے فیصلے اکثر نقصان دہ ہوتے ہیں۔ ان سابق کرکٹرز کے ساتھ رابطے میں ہوں جو کرکٹ کو بہتر کرنا جانتے ہیں، نہ کبھی ٹوئٹس دیکھ کر فیصلے کرتا ہوں ، چیلنجز لینے کا شوق ہے۔ چیئرمین نے کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے وینیوز میں ملتان ، کراچی اور راولپنڈی شامل ہیں، تاریخیں فائنل ہوچکی ہیں۔ وہاب ریاض کو میں نے چیف سلیکٹر نہیں بنایا ۔