بھٹو حکومت پر شب خون مارنا ملکی تاریخ کا سیاہ دن ہے، بلاول

July 05, 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 5 جولائی کو ایک آمر کی جانب سے ملک کے پہلے منتخب وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت پر شب خون مارنے کو ملکی تاریخ کا سیاہ دن قرار دیا ہے۔ بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی منتخب حکومت گرانے کے نتیجے میں ملک کو بھاری قیمت ادا کرنی پڑی ہے۔ ملکی تاریخ کے اس سیاہ دن نے ہماری قوم کو انتہا پسندی، دہشت گردی اور کلاشنکوف و منشیات کی مصیبتوں سے دوچار ایک ایسے راستے پر کھڑا کر دیا جن سے ہم آج بھی نبرد آزما ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بے پناہ مصائب برداشت کرنے کے باوجود، ہمارے درمیان اب بھی کچھ ایسے لوگ موجود ہیں جو جمہوریت کو نقصان پہنچانے کے لئے ہر وقت تاک میں رہتے ہیں۔