سائنسدانوں‘ ڈاکٹرز‘ محققین و دیگر کو سعودی شہریت دینے کا اعلان

July 05, 2024

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک )سعودی عرب میں ایک شاہی فرمان کے تحت غیر معمولی صلاحیتوں اور مہارتوں کے حامل متعدد سائنسدانوں‘ڈاکٹرز‘ محققین‘ موجدوں اور کاروباری شخصیات کو شہریت دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

شاہی حکمنامے کے تحت میڈیکل، سائنس، ثقافت، کھیل اور فنی مہارتوں کی حامل شخصیات کو سعودی عرب کی شہریت دینے کا فیصلہ مملکت کے وژن 2030ءکے بیان کردہ اہداف سے ہم آہنگ ہے جس کا مقصد سعودی قوم کو ایسے بے مثل افراد کی صلاحیتوں سے بہرہ مند کرانا کراتے ہوئے ایسا پسندیدہ ماحول پیدا کرنا ہے جہاں انسانی قابلیت کو بروئے کار لاتے ہوئے منفرد اور تخلیفی صلاحیتوں کے حامل افراد کو مملکت کے قومی دھارے میں شامل کیا جا سکے۔

غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل نمائندہ افراد کو سعودی عرب کی شہریت دینے کے فیصلے کا مقصد مخصوص شعبوں کی قابل شخصیات کی قابل قدر مہارتوں کو معیشت، صحت، ثقافت، کھیل اور ندرت فکر سے عبارت منفرد ماحول میں سعودی عرب کی تعمیر وترقی کا حصہ بنایا جا سکے۔

یاد رہے کہ 2021 میں بھی شاہی فرمان کے تحت زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں صلاحیت اور کارکردگی کا مظاہرہ والی شخصیات کو سعودی عرب کی شہریت دی جا چکی ہے۔