پیپلز پارٹی نے بجلی نرخ کم کرنے کا مطالبہ کیوں نہیں کیا، تجزیہ کار

July 05, 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاروق کے سوال لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر بارہ جون کو بننے والے تمام الیکشن ٹریبونلز معطل، کیا سپریم کورٹ کی جانب سے دیئے گئے حل سے معاملہ خوش اسلوبی سے سلجھ جائے گا؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہاکہ الیکشن ٹریبونلز کے معاملہ میں لگتا ہے پی ٹی آئی کے بجائے حکومت کو ریلیف ملنے جارہا ہے،ایک دوسرے سوال پر تجزیہ کاروں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت سے کیوں بجلی کے نرخ کم کرنے کا مطالبہ نہیں کیا.

سوال یہ ہے کہ الیکشن سے پہلے مریم نواز اور بلاول بھٹو تین سو یونٹ بجلی فری دینے کا اعلان کس بنیاد پر کررہے تھے، عوام کے سامنے اتنا سفید جھوٹ بولا گیا جبکہ ایسا ہونا ممکن ہی نہیں تھا، پیپلز پارٹی نے امیروں کی سبسڈی ختم کر کے بجلی کے بلوں پر سبسڈی دینے کا اعلان کیا تھا، پروگرام میں تجزیہ کار عمر چیمہ ،شہزاد اقبال ،محمل سرفراز اورمظہرعباس نے اظہار خیال کیا۔

عمر چیمہ نے کہا کہ الیکشن ٹریبونلز کے معاملہ میں لاہور ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن اپنی اپنی رائے پر عمل کرنے کی کوشش کررہے تھے، جسٹس عالیہ نیلم کو دو سینئر ججوں پر فوقیت دے کر لاہور ہائیکورٹ کا چیف جسٹس بنایا گیا ہے لہٰذا حکومت کی کچھ توقعات ہوں گی۔