شہری 2 گاڑیوں، 29 موٹر سائیکلوں سے محروم، سٹریٹ کرائم میں لوٹ مار جاری

July 05, 2024

راولپنڈی ، اسلا م آباد(سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں سرقہ باالجبر ،قفل شکنی ،چوری اور راہ زنی کی وارداتوں میں شہری ایک گاڑی ،رکشے ،14موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات ،موبائل فونز اور نقدی وغیرہ سے محروم ہوگئے ،12افراد سے جھپٹا مارکران کے موبائل اور نقدی وغیرہ چھین لی گئی۔ وفاقی دارالحکومت میں بھی سرقہ بالجبر ،سٹریٹ کرائم اور چوری کی 24 وارداتوں میں لاکھوں روپے نقدی ،زیورات اور دیگر قیمتی سامان کے علاوہ ایک کار اور 15 موٹر سائیکل اڑا لئے گئے ،ایک کار اور ایک موٹر سائیکل اور دس موبائل فونز اور نقدی اسلحہ کی نوک پر چھین لئے گئے۔ تھانہ نیوٹاؤن کے علاقہ میں ختم نبوت میٹرو سٹیشن کی سیڑھیوں کے قریب 2موٹرسائیکل سوار اسلحہ کی نوک پرغلام صفدر سے لیپ ٹاپ، موبائل،پرس جس میں 4اے ٹی ایم کارڈز، کریڈٹ کارڈ، شناختی کارڈ،یونیورسٹی سروس کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس اور 5ہزار روپے تھے ، تھانہ کینٹ کے علاقہ میں دونامعلوم لڑکے اسلحہ کی نوک پرمحمد بابر کاموٹرسائیکل ،تھانہ آراے بازار کے علاقہ میں2موٹرسائیکل سواراسلحہ کی نوک پر محمدیوسف سے ایک لاکھ روپے اور موبائل ،تھانہ ریس کورس کے علاقہ ساجد بخاری روڈ پر3موٹر سائیکل سواراسلحہ کی نوک پرعبدالہادی سے لیپ ٹاپ اور 40 ہزار روپے ،تھانہ ریس کورس کے علاقہ افشاں کالونی میں 2نامعلوم ملزمان گن پوائنٹ پر تیمور علی خان سے موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگئے ۔پنڈورہ میں تاج ملوک کے گھر سے 60ہزارروپے ،ایل سی ڈی اور طلائی زیورات مالیتی ساڑھے تین لاکھ روپے ، گلریز ون میں محمد ریان کے گھر سے لیپ ٹاپ ،5 موبائل، 4لاکھ روپے ،سونا مالیتی 2لاکھ روپے اور گھڑیاں مالیتی 4ہزارروپے ،احمد آباد میں محمد وقاص اشرف کے گھر کے تالے توڑ کر پانچ لاکھ روپے،دو موبائل اورجوسر مشین ، فیز8میں شفقت حسین کےگھر سے طلائی زیورات 13 تولے اور 45 ہزار روپے، فیز8میں فرقان رشید کے گھر سے 3 لاکھ روپے ،5 تولہ طلائی زیورات ، لیپ ٹاپ ،پلے سٹیشن اور دیگر سامان چوری کرلیاگیا۔