نجی میڈیکل کالجوں کو اضافی فیسوں کی واپسی کیلئےآخری موقع

July 05, 2024

اسلام آباد (ناصر چشتی، خصوصی نمائندہ) ڈپٹی وزیر اعظم اسحاق ڈار کی طرف سے قائم کردہ ذیلی ایگزیکٹو کمیٹی نے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے طلبا سے غیر قانونی وصول کردہ اضافی فیسوں کی واپسی کیلئے پرائیویٹ میڈیکل کالجز کوآخری موقع فراہم کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ میڈیکل کالجز میں پندرہ پندرہ تک ایم بی بی ایس کی سیٹیں بڑھا لیں مگر بچوں سے وصول کردہ اضافی فیسیں واپس کر دیں۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کے کو آرڈینٹر صحت ڈاکٹر مختار ملک اور سابق گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ کی سربراہی میں قائم کمیٹی اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ 2023-24سیشن کے میڈیکل کے طلبا سے وصول کردہ اضافی فیسوں کی پی ایم ڈی سی ایکٹ اجازت ہی نہیں دیتا، اس لئے وصول کردہ اضافی فیسیں ہر صورت واپس کرنا پڑیں گی ۔کمیٹی ذرائع کے مطابق پرائیویٹ میڈیکل کالجز کو تفصیل سے سنا گیا مگر ان کالجز کے نمائندوں کے پاس اضافی فیس وصولی کی کوئی قانونی دلیل نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت اس بات کا جائزہ بھی لے رہی ہے کہ پی ایم ڈی سی نے اضافی فیسوں کی وصولی کیوں ہونے دی اور اس عمل میں کونسل کے کون لوگ ملوث ہو سکتے ہیں ۔