لئی پر ملبہ ڈمپنگ روکنے کی خاطردفعہ144کیلئے ہوم ڈیپارٹمنٹ سے رجوع

July 05, 2024

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) باخبرذرائع کے مطابق نالہ لئی پر کچرا اور ملبہ کی ڈمپنگ روکنے کیلئے سیکشن144کے نفاذ کیلئے ہوم ڈیپارٹمنٹ سے رجوع کیا گیا ہےجبکہ نالہ لئی اور پندرہ بڑے نالوں کی ڈی سلٹنگ پر ہر سال کی طرح رواں برس بھی 140ملین روپے خرچ کئے جارہے ہیں لیکن کام تاحال مکمل نہیں ہوا اور انتظامی افسران روزانہ دورے کرکے فوٹوسیشن کرارہے ہیں۔ذرائع کے مطابق ابھی نالہ لئی کی صفائی 56 فیصد ہوئی ہے۔کٹاریاں تا سواں پل نالہ لئی اور دیگر بڑے نالوں پر19حساس مقامات پر عملہ و مشینری کی تعیناتیاں کی جارہی ہیں۔کسی بھی ایمرجنسی کی صورتحال کا ہراول دستہ ریسکیو 1122،واسا اور ایم سی آر سمیت دس محکمے آن بورڈ ہیںجن کے پاس 33ڈی واٹرنگ سیٹ،16 کشتیاں،سولہ بوٹ موٹرز،205لائف جیکٹس، 31ایمبولینس،پانچ سکر مشینیں،چھ جیٹر مشینیں، تین جنریٹر،چھ ٹریکٹر کے علاوہ 30مختلف ٹرک اور دیگر گاڑیاں ہیں۔رواں برس اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔