کراچی، محرم کے دوران سیکیورٹی کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ

July 05, 2024

فائل فوٹو

ڈی جی رینجرز کی زیرِ صدارت رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں سیکیورٹی کے لیے اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔

آئی جی سندھ، کمشنر سکھر، ایڈیشنل سیکرٹری ہوم، ایڈیشنل کمشنرز (کراچی، حیدر آباد)، ایڈیشنل آئی جی کراچی، جوائنٹ ڈی جی آئی بی، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ، ایسٹ، ویسٹ، ساؤتھ، سی آئی اے اور ٹریفک پولیس نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

رینجرز اور حساس اداروں کے اعلیٰ افسران کے ساتھ ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے ڈی آئی جی سکھر اور حیدرآباد بھی شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران شہر کی امن وامان کی صورتحال بالخصوص محرم الحرام کے انتظامات اور محرم الحرام کے جلوسوں کے دوران سیکیورٹی کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

رینجرز کےترجمان کے مطابق اجلاس میں سیکیورٹی کو یقینی بنانے اور اس حوالے سے کیے گئے لائحہ عمل کی منظوری دی گئی ہے۔

اجلاس میں رینجرز اور پولیس کی محرم الحرام کے دوران مشترک فلیگ مارچ اور اسنیپ چیکنگ کو مزید مؤثر بنانے، مذہبی اجتماعات، مجالس اور جلوسوں کے داخلی و خارجی راستوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔