شرمیلا فاروقی کی بوہرہ کمیونٹی کے روحانی پیشوا سے ملاقات: تصویریں وائرل

July 05, 2024

فوٹوز بشکریہ انسٹاگرام اکاؤنٹ

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے سوشل میڈیا پرداؤدی بوہرہ کمیونٹی کے روحانی پیشوا کے ساتھ نئی تصویریں شیئر کی ہیں۔

گزشتہ روز داؤدی بوہرہ جماعت کے روحانی پیشوا سیدنا مفضل سیف الدین سے شرمیلا فاروقی نے ملاقات کی جس کی تصویریں انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر شیئر کی ہیں۔

شرمیلا فاروقی کا اپنی پوسٹ میں لکھنا ہے کہ ’محترم ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین، داؤدی بوہرہ کمیونٹی کے روحانی پیشوا کو پاکستان میں خوش آمدید۔‘


یاد رہے کہ گزشتہ روز داؤدی بوہرہ جماعت کے روحانی پیشوا سیدنا مفضل سیف الدین سالانہ اجتماع عشرہ مبارکہ کے لیے کراچی پہنچے ہیں۔

کراچی ایئرپورٹ پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ، چیف سیکریٹری سیف آصف حیدر، آئی جی سندھ و دیگر نے اُن کا استقبال کیا۔

یاد رہے کہ حکومت اور مقامی داؤدی بوہرہ برادری کی دعوت پر سیدنا مفضل سیف الدین نے رواں سال محرم الحرام کے عشرہ مبارکہ کے اجتماعات کی میزبانی کے لیے کراچی کا انتخاب کیا ہے۔


پاکستان اور دنیا بھر سے 80,000 سے زیادہ داؤدی بوہرہ اس تقریب میں شرکت کریں گے۔

عشرہ مبارکہ کے لیے کراچی میں 20 اور حیدر آباد میں ایک مرکز قائم کیا گیا ہے۔