ہماری پارٹی اے پی سی میں شرکت کرے گی، بانی پی ٹی آئی کا فیصلہ

July 05, 2024

—فائل فوٹوز

بانیٔ تحریکِ انصاف نے فیصلہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی، وزیرِاعظم شہباز شریف کی بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرکے حکومت کا مؤقف سنے گی۔

بانیٔ پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں اپنے خلاف مقدمات کی سماعت کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے حوالے سے بتایا۔

بانیٔ پی ٹی آئی کا مزید کہنا ہے کہ عزمِ استحکام آپریشن پر ہمارے تحفظات موجود ہیں، اس آپریشن سے ملک میں عدم استحکام مزید بڑھے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ افغانستان کے ساتھ ہماری ڈھائی ہزار کلو میٹر کی بارڈر ہے۔

واضح رہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف قومی ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آپریشن عزمِ استحکام پر قومی اتفاقِ رائے پیدا کرنے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد پر غور کر رہے ہیں۔

وزیرِ اعظم آفس کے ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف اے پی سی بلانے سے قبل اتحادی جماعتوں کی قیادت کو اعتماد میں لیں گے اور ان کی مشاورت کے بعد آل پارٹیز کانفرنس کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

حکومتی اتحادی جماعتوں سے مشاروت کے بعد جے یو آئی ف، اے این پی، جماعتِ اسلامی اور پی ٹی آئی کو بھی اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔