مردان میں آئی ای ڈی دھماکا، 3 افراد جاں بحق، 8 زخمی

July 05, 2024

تصویر بشکریہ فیس بک

خیبر پختون خوا کے ضلع مردان کے علاقے تخت بھائی میں جلالہ پل کے قریب دھماکا ہوا ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوئے تھے۔

ریسکیو ذرائع نے بتایا ہے کہ لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق دھماکے کا ایک اور زخمی دورانِ علاج دم توڑ گیا، جس کے بعد اس واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 3 ہو گئی۔

تصاویر بشکریہ فیس بک

یہ پولیس موبائل کے قریب IED دھماکا تھا: DPO

ڈی پی او مردان ظہور آفریدی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا ہے کہ مردان میں پولیس موبائل کے قریب آئی ای ڈی دھماکا ہوا ہے، دھماکے سے رکشہ میں سوار 3 افراد جاں بحق ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس موبائل میں سوار 2 اہلکار اور رکشہ میں سوار 3 افراد دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہوئے ہیں۔

ڈی پی او مردان ظہور آفریدی کے مطابق بارودی مواد روڈ کنارے پہلے سے نصب تھا، پولیس گاڑی گزرتے ہی دھماکا ہوا۔

تصاویر بشکریہ فیس بک

مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر سیف کی مذمت

مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف نے مردان میں ہوئے دھماکے کی مذمت کی ہے۔

جاری کیے گئے بیان میں مشیر اطلاعات نے دھماکے میں جانی و مالی نقصان پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔

خیبر پختون خوا کے مشیرِ اطلاعات بیرسٹر سیف نے غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

تعزیتی بیان میں ان کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔