بانیٔ پی ٹی آئی کی بیٹوں سے ملاقات کیلئے درخواست میں غلطیوں پر وکلاء کی سرزنش

July 05, 2024

—فائل فوٹو

راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں دائر بانیٔ پی ٹی آئی کی بیٹوں سے ملاقات سے متعلق درخواست وکلاء کی متن میں حقائق کے خلاف استدعا اور غلطیوں کی بناء پر واپس لے لی گئی۔

انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے بانیٔ پی ٹی آئی کے وکلاء کی سرزنش کی۔

عدالت نے قرار دیا کہ درخواست میں آن لائن بات چیت اور دیگر انتظامات سے متعلق باتیں حقائق کے منافی ہیں، عدالت نے پہلے ہی ہر ماہ 2 بار آن لائن بات چیت کے احکامات دیے ہوئے ہیں۔

عدالت نے وکلاء سے کہا کہ آپ بانیٔ پی ٹی آئی کی نمائندگی کر رہے ہیں اور آپ کو حقائق کا علم نہیں ہے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے وکیل نبیل ستی نے درخواست واپس لینے اور نئی درخواست دینے کی استدعا کر دی۔

بعد میں پی ٹی آئی کے وکلاء کی جانب سے ضروری ترمیم کے بعد نئی درخواست دائر کر دی گئی۔

جس پر عدالت نے اڈیالہ جیل انتظامیہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 8 جولائی تک ملتوی کر دی۔