ملک میں پائیدار استحکام، معاشی خوشحالی کیلئے آپریشن عزمِ استحکام بہت ضروری ہے، کور کمانڈر کانفرنس

July 05, 2024

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 265 ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا، جس میں فورم نے امن و استحکام کیلئے شہداء، افواجِ پاکستان، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فورم نے پاکستانی شہریوں کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور ملکی سلامتی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے آپریشن عزمِ استحکام کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، فورم نے انسدادِ دہشتگردی کیلئے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے ضمن میں آپریشن عزمِ استحکام کو اہم قدم قرار دیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملک میں پائیدار استحکام اور معاشی خوشحالی کے لیے آپرشن عزمِ استحکام بہت ضروری ہے، دہشتگردی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے گٹھ جوڑ کو ختم کرنے کیلئے آپریشن عزم استحکام وقت کا اہم تقاضہ ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ چند حلقوں کی جانب سے آپریشن عزمِ استحکام کے حوالے سے بلاجواز تنقید کی جا رہی ہے، مخصوص مفادات کے حصول کیلئے قیاس آرائیوں پر فورم نے اظہارِ تشویش کیا۔

فورم نے علاقائی سلامتی بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر غور کیا، اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے عزم کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکاء نے کشمیر اور فلسطین کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کشمیر اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، جنگی جرائم اور نسل کشی کی مذمت کی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ عسکری قیادت قوم کو درپیش چیلنجز کا بخوبی ادراک رکھتی ہے، شرکاء نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے تعاون سے اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے ایک پائیدارحل کیلئے کوشاں ہیں۔

شرکاء کانفرنس نے سیاسی عزائم کی تکمیل کیلئے جاری ڈیجیٹل دہشتگردی کو ریاستی اداروں کےخلاف سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست مخالف بیرونی طاقتوں کی سرپرستی میں ڈیجیٹل دہشتگردی جاری ہے، ڈیجیٹل دہشتگردی کا مقصد جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے سے قوم میں نفاق اور مایوسی پھیلانا ہے۔

کانفرنس کے شرکاء نے کہا کہ افواج پاکستان اور پاکستانی قوم ان سازشوں سے ناصرف آگاہ ہیں بلکہ انہیں شکست دینے کیلئے پُرعزم اور متحد ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فورم نے ملک میں جاری سماجی اور معاشی ترقی کیلئے کی جانے والی کوششوں میں مکمل تعاون کا اعادہ کرتے ہوئے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے، معاشی ترقی و استحکام کیلئے حکومتی کوششوں کی مکمل تائید کی۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج تمام اندرونی و بیرونی چیلنجز کو ناکام بنانے کیلئے ہمیشہ سے تیار رہی ہے، آرمی چیف نے پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کا اعلیٰ معیار برقرار رکھنے پر زور دیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ درپیش چیلنجز کے باوجود پاک فوج پاکستان کے استحکام اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔