امبانیز ویڈنگ: ممبئی پہنچنے والی کارڈیشین بہنیں رکشے کی دیوانی

July 12, 2024

--- فائل فوٹو

بھارت کی تاریخ کی سب سے بڑی شادی کا منڈپ آج ممبئی میں سج رہا ہے، جہاں ایشیاء کی امیر ترین شخصیات میں سے ایک مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو جائیں گے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی مہنگی ترین شادی میں شرکت کے لیے بھارت کی معروف شخصیات سمیت بین الاقوامی شخصیات بھی مدعو ہیں جو وقتاً فوقتاً بھارت پہنچ رہی ہیں۔

امبانیز کی شادی میں شرکت کے سلسلے میں کارڈیشین بہنیں، امریکی اداکار و ریپر جون سینا، نائجیرین ریپر ریما، سابق برطانوی وزیرِ اعظم ٹونی بلیئر اور بورس جانسن، سیمسنگ سے وابستہ جے وائی لی، سیاسی رہنما لالو پرساد یادو، مغربی بنگال کی وزیرِ اعلیٰ ممتا بینرجی ممبئی پہنچ گئی ہیں۔

دوسری جانب بالی ووڈ کی وہ شخصیات جو غیر ملکی دوروں پر تھیں، وہ بھی شادی میں شرکت کے لیے ممبئی پہنچ گئی ہیں، جن میں اداکار شاہ رخ خان، سدھارتھ ملہوترا، اداکارہ کیارا ایڈوانی، مہیش بابو، پریانکا چوپڑا، نک جونس سمیت دیگر کئی فنکار بھارت پہنچ گئے ہیں۔

امریکا سے بھارت پہنچنے والی اداکارائیں کارڈیشین بہنیں کم اور خلو ممبئی پہنچنے پر رکشے کی سواری سے لطف اندوز ہوئیں، جس کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔

اس کے علاوہ مکیش اور نیتا امبانی کی رہائش گاہ انتالیا کو آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی خوشی میں دلہن کی طرح سجایا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس پر اگر یقین کیا جائے تو امبانی کی شادی میں شرکت کرنے کے لیے سابق امریکی وزیرِ خارجہ ہلیری کلنٹن، سابق اطالوی وزیرِ اعظم میٹیو رینزی، کینیڈا کے سابق وزیرِ اعظم اسٹیفن ہارپر، مالدیپ کے سابق صدر محمد نشید، تنزانیہ کے صدر سامیہ سلوہو حسن، آسٹریا کے سابق وزیرِ اعظم سیباسٹین کرز، آئی او سی کے نائب صدر جوآن انتونیو سمارنچ، ڈبلیو ٹی او کے ڈی جی نگوزی اوکونجو ایویلا، فیفا کے صدر گیانی انفینٹینو اور سابق سوئیڈش وزیرِ اعظم کارل بلڈٹ بھارت پہنچ رہے ہیں۔

اس کے علاوہ ماریو ڈیڈیو انووک، ہیئر اسٹائیلسٹ کرس اپلیٹن اور جولیا شیف کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

دوسری جانب بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی، کانگریس لیڈر سونیا گاندھی، مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان، وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ، آندھرا پردیش کے وزیرِ اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو، آندھرا پردیش کے نائب وزیرِ اعلیٰ پون کلیان، اور اتر پردیش کے وزیرِ اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بھی نظر آ سکتے ہیں۔

بالی ووڈ کے سپر سٹار امیتابھ بچن، سلمان خان، شاہ رخ خان، اور عامر خان کے ساتھ ساتھ رنبیر کپور، رنویر سنگھ، عالیہ بھٹ، دیپیکا پڈوکون، جھانوی کپور، اننیا پانڈے سمیت دیگر کئی فنکار بھی جلوہ گر ہوں گے۔

ایک رپورٹ کے مطابق آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی تقریب میں مہمانوں کو لے جانے کے لیے 100 سے زیادہ پرائیویٹ جیٹ طیارے استعمال کیے جائیں گے۔