بلی کو انگلش فٹبال ٹیم کیلئے خوش قسمت کیوں قرار دیا جارہا ہے؟

July 12, 2024

انگلینڈ کے فٹبالر اور مانچسٹر سٹی کے مشہور مڈ فیلڈر فل فوڈن ناصرف اپنے بہترین کھیل اور منفرد بالوں کے اسٹائل کی وجہ سے مشہور ہیں بلکہ ایک دلچسپ مشابہت کے باعث وہ کافی شہرت حاصل کرچکے ہیں جو حال ہی میں لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔

24 سالہ فٹبالر کی ایک بلی کے ساتھ حیرت انگیز مشابہت نے حالیہ دنوں میں توجہ حاصل کرلی ہے، اور موڈی موگی نامی یہ بلی فوڈن سے اس قدر مشابہت رکھتی ہے کہ اسے دیکھ کر مداح کافی حیران رہ گئے ہیں۔

فٹ بالر کے ساتھ بلی کی مشابہت کو سب سے پہلے گلین کیسٹن نامی فلم ڈائریکٹر جو سوشل میڈیا پر مقبول شخصیات سے متعلق دلچسپ مواد شیئر کرتے ہیں نے محسوس کیا تھا اور 2022 کے قطر میں ہونے والے فٹبال ورلڈکپ کے دوران اس وقت شیئر کیا تھا جب فوڈن کو ٹیم نے بینچ پر بٹھایا ہوا تھا اور پھر اپنے انسٹاگرام پر اس کی تصویر شیئر کی تھی جو کہ بہت تیزی سے وائرل ہوئی، جس کے بعد انہیں ٹیم میں جگہ مل گئی تھی۔

فل فوڈن نے انگلینڈ کو کوارٹر فائنل تک پہنچانے میں بہت اہم کردار ادا کیا تھا، تاہم شائقین اب یہ بھی توقع کر رہے ہیں کہ اتوار کو ہونے والے یورو کپ 2024 کے فائنل میں اسپین کے خلاف وہ مزید اچھا کھیل پیش کریں گے۔

انگلینڈ کے مداح یہ بھی امید کررہے ہیں کہ فوڈن کی شکل سے مشابہت رکھنے والی بلی ان کیلئے نیگ شگون ثابت ہوسکتی ہے۔

ایک مداح نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ کالی بلیوں کو خوش قسمت سمجھا جاتا ہے، لیکن اس موگی میں کچھ خاص بات ہے اور ایسا لگتا ہے کہ یہ بلی فوڈن کو سپورٹ کرتی ہے۔

بلی کی مقبولیت نے اسے انگلینڈ کیلئے خوش قسمت قرار دیا ہے۔