13جولائی کے شہدائے کشمیر کی قربانیوں کو فراموش نہیں کر سکتے: علی رضا سید

July 13, 2024

--- جنگ فوٹو

کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کہا ہے کہ 13جولائی کے شہدائے کشمیر نے قربانیوں کی عظیم داستان رقم کی ہے، ہم انہیں ہرگز فراموش نہیں کر سکتے۔

کشمیر کونسل کی کورکمیٹی نے 13 جولائی کے یوم شہداء کی مناسبت سے برسلز میں اجلاس منعقدہ کیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علی رضا سید کا کہنا ہے کہ کشمیر کے شہداء نے اپنے خون سے جدوجہد آزادی کی آبیاری کی ہے خاص طور 13جولائی 1931 کے شہداء نے آزادی کشمیر کی تحریک کو بنیادی تقویت و حوصلہ فراہم کیا ہے۔

یاد رہے کہ 13جولائی 1931 کو اس وقت کے ڈوگرہ راج کے حکم پر سرکاری اہلکاروں نے فائرنگ کرکے سری نگر جیل کے باہر ان 22 کشمیریوں کو شہید کردیا تھا جو ایک کشمیری رہنماء عبدالقدیر کے خلاف مقدمے کی کارروائی دیکھنے کے لیے دیگر لوگوں کے ساتھ جمع تھے۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ مظالم کا سلسلہ طویل عرصے سے جاری ہے لیکن 2019 کے بعد جب سے مودی حکومت نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی ہے، کشمیریوں پر بھارتی مظالم بڑھ گئے ہیں۔ قتل و غارت شدت سے جاری ہے اور متعدد کشمیری رہنماء اور انسانی حقوق کے کارکن پابند سلاسل ہیں۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کروانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری بشمول یورپی یونین بھارت پر دباؤ ڈالے تاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے لوگوں پر ظلم و ستم بند کرے۔ اپنی قابض افواج کو مقبوضہ کشمیر سے نکالے، کشمیریوں کی نسل کشی ، قتل و غارت کو بند کرے اور این جی اوز اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو جموں و کشمیر آنے کی اجازت دی جائے۔

اس کے علاوہ انسانی حقوق کے بارے میں عالمی اداروں کے معاہدوں اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کروایا جائے۔

انہوں نے یاسین ملک، شبیرشاہ اور خرم پرویز سمیت بھارتی جیلوں میں پابند سلاسل تمام کشمیریوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔

اجلاس کے دیگر شرکاء نے بھی شہدائے 13 جولائی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے ظلم و ستم کا سلسلہ شدت سے جاری ہے اور بھارتی حکام نے پچھلے چند سالوں کے دوران کشمیری نوجوانوں کو بڑی بے دردی سے اپنے مظالم کا نشانہ بنایا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انسانی حقوق کے کئی علاقائی اور عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر تشویش ظاہر کرچکے ہیں۔

اجلاس کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوایا جائے۔ اور مسئلہ کشمیر کا پرامن حل تلاش کیا جائے۔