ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز ٹائٹل انڈیا چیمپئنز نے جیت لیا

July 13, 2024

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کا ٹائٹل انڈیا چیمپئنز نے جیت لیا۔انڈیا چیمپئنز نے پاکستان چیمپئنز کو 5 وکٹوں سے ہرادیا۔

برمنگھم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان چیمپئنز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 156 رنز بنائے۔

شعیب ملک نے 41، کامران اکمل نے 24، صہیب مقصود نے 21 اور شرجیل خان نے 12 رنز بنائے۔

یونس خان اور عامر یامین 7، 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ مصباح الحق 18 رنز بنا کر ریٹائر ہرٹ ہوئے۔ سہیل تنویر 19 اور شاہد آفریدی 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

157 رنز کا ہدف انڈیا چیمپئنز نے آخری اوور میں حاصل کرلیا۔ امباتی رائیڈو نے 50 رنز بنائے، گرکریت سنگھ 34 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ یوسف پٹھان نے 30 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

پاکستان چیمپئنز کے عامر یامین نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سعید اجمل، وہاب ریاض اور شعیب ملک نے ایک ایک وکٹ لی۔

میچ پاکستان کے پہلے اسپورٹس چینل جیو سوپر سے براہِ راست نشر کیا گیا۔