اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں 9ویں محرم کے جلوس اور مجالس

July 16, 2024

اسلام آباد میں 9ویں محرم الحرام کے ایک جلوس کا منظر ۔ فوٹو: اے ایف پی

امام عالی مقام حضرت امام حسینؓ اور ان کے جاں نثار ساتھیوں کی عظیم قربانیوں کی یاد میں ملک بھر میں مجالس برپا ہوئیں اور جلوس برآمد کیے گئے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نویں محرم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ اثناء عشری سے برآمد ہوا، عزاداروں کی جانب سے شہدا چوک میلوڈی میں نماز مغربین کی ادائیگی کے بعد جلوس اپنے روایتی راستوں پر گامزن ہوا۔

نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ اور ان کے جاں نثار ساتھیوں کی عظیم قربانیوں کی یاد میں لاہور میں بھی 9ویں محرم الحرام کے متعدد جلوس نکالےگئے، پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہے، جو اسلام پورہ بازار، سیکریٹریٹ اور پرانی انارکلی سے ہوتا ہوا خیمہ سادات پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا، جلوس کے شرکاء نوحہ خوانی اور سینہ کوبی کرتے رہے، شرکاء نے سراج بلڈنگ کے قریب پہنچ کر نمازِ ظہرین ادا کی۔

جلوس کے شرکا کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے کھانے کے ڈبے بھی فراہم کیے گیے۔ امام بارگاہ قصر بتول شادمان سے بھی شبیہ ذوالجناح کا جلوس برآمد ہوا، جو مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے۔ نکلسن روڈ امام بارگاہ عطیہ اہل بیت سے برآمد ہونے والا جلوس واپس نکلسن روڈ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔

ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے بھی اسلام پورہ جلوس کا دورہ کیا اور 9ویں محرم کے مرکزی جلوس کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

جلوسوں کے راستوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، خار دار تاریں، کنٹینرز اور بیریئرز لگا کر جلوسوں کی گزرگاہوں کی جانب کھلنے والے راستے بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ شرکاء کو تلاشی کے بعد واک تھرو گیٹس سے گزارا جا رہا ہے۔

ضریح اقدس نو ڈھالہ جلوس نے میدان کربلا روہڑی پہنچ کر اپنا دوسرا پڑاؤ ڈال دیا ہے، میدان کربلا میں عزادار اور زائرین کی جانب سے ضریح اقدس کی زیادت کا سلسلہ یوم عاشور کی دوپہر تک جاری رہے گا۔

روہڑی میں نویں محرم الحرام کا نو ڈھالہ تعزیہ جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا اپنی دوسری منزل کربلا میدان روہڑی پہنچا۔ عزاداران حسین آج رات کربلا میدان روہڑی میں قیام کریں گے۔

جلوس یوم عاشور پر دوپہر دو بجے کربلا میدان تیسری اور آخری منزل کےلیے روانہ ہوگا، جلوس 36 گھنٹوں بعد شہدا قبرستان پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

حیدرآباد میں مرکزی جلوس امام بارگاہ چہاردہ معصومین سے برآمد ہوا، جو مختلف راستوں سےگزرتا ہوا مقررہ مقام پر اختتام پزیر ہوا۔

میرپورخاص، سجاول، ٹنڈو الہ یار اور مٹیاری سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں نو محرم الحرام کے جلوس برآمد ہوئے۔

ملتان میں امام بار گاہ ممتاز آباد سے نکلنے والا مرکزی جلوس اسی مقام پر ختم ہوا۔

فیصل آباد میں مرکزی جلوس امام بارگاہ حیدریہ امین پور بازار جبکہ گوجرانوالہ میں مرکزی جلوس امام بارگاہ قصر ابوطالب سے برآمد ہوا۔

جھنگ، سرگودھا، بہاولپور، وہاڑی، ڈی جی خان، رحیم یار خان، منڈی بہاؤالدین سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی عزاداروں نے شہداء کربلا کو یاد کیا اور جلوس برآمد کیے۔

پاراچنار میں نویں محرم کے حوالے سے ماتمی جلوس اور مجالس منعقد کی گئیں۔ ہنگو، ڈیرہ اسماعیل خان، ہری پور، ٹانک، بنوں اور سمیت دیگر علاقوں سے نکلنے والےجلوس اپنی منزلوں پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے۔

گلگت میں محلہ قاسم پورہ امام بارگاہ سے برآمد ہونے والا جلوس مرکزی امامیہ جامع مسجد میں ختم ہوا۔ عزاداران حسین نے امام عالی مقام کو خراج عقیدت پیش کیا۔

مظفرآباد میں نویں محرالحرام کا جلوس امام بارگاہ بیلہ نور شاہ سے برآمد ہوا، جو مرکزی امام بارگاہ پیر علم شاہ بخاری پہنچ کر ختم ہوا۔

پاراچنار میں مرکزی امام بارگاہ برآمد ہونے والا عزاداری کا سب سے بڑا جلوس اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے، عزادار شہداء کربلا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سینہ کوبی اور زنجیر زنی کر رہے ہیں۔

پشاور میں شہدائے کربلا کی یاد میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر سے برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اسی امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔ جلوس کے راستوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

پشاورمیں 9 محرم کا شہبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر سے برآمد ہوا۔ جہاں عزادار حسین نے واقعہ کربلا کی یاد میں نوحہ خوانی، سینہ کوبی اور زنجیر زنی کی۔ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کالی باڑِی پہنچا تو وہاں نماز ظہرین ادا کی گئی۔

جلوس کی گزر گاہوں پر عزاداروں کے لئے ہندو اور سکھ برادری کی جانب سے بھی شربت اور دودھ سمیت دیگر ٹھنڈے مشروبات کی سبیلوں کا اہتمام کیا گیا۔

پشاورمیں نویں محرم کے حوالے سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے جبکہ جلوس کے شرکا کی جامع تلاشی لے کر اندر جانے دیا گیا۔ شہر میں موبائل فون سروس بھی بند ہے۔

نویں محرم کا دوسرا شبیہ علم و ذوالجناح کا جلوس امام بارگاہ بی بی صاحبہ گنج سے برآمد ہوا۔ جلوس کے راستوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ نویں محرم الحرام کے جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے واپس اپنی امام بارگاہوں میں پہنچ کر اختتام پزیر ہوئے۔