بنگلادیش: کوٹہ سسٹم کیخلاف پُرتشدد مظاہرے، 6 طلبہ ہلاک

July 17, 2024

فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

بنگلا دیش میں سرکاری ملازمتوں کے لیے کوٹہ سسٹم کے خلاف پُر تشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا سے پھوٹنے والی جھڑپوں اور پُرتشدد واقعات میں ہلاک طلبہ کی تعددا 6 ہو گئی ہے۔

بنگلا دیش میں سرکاری ملازمتوں کے لیے کوٹہ سسٹم کے خلاف گزشتہ روز ہونے والے احتجاج کے دوران چٹاگانگ میں 3، ڈھاکا میں 2 جبکہ رنگ پور میں ایک طالب علم اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پُر تشدد مظاہروں کے دوران سیکڑوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب طلبہ کی جانب سے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

کشیدگی کے باعث ملک میں تمام اسکول اور کالجز بند ہیں جبکہ ڈھاکا اور دیگر شہروں میں پیرا ملٹری فورسز تعینات ہیں۔

واضح رہے کہ بنگلا دیش میں کوٹا سسٹم کے تحت نصف سے زیادہ سرکاری ملازمتیں مخصوص گروپوں کے لیے ہیں اور 1971ء کی جنگ میں شامل فوجیوں کے اہلِ خانہ کے لیے 30 فیصد کوٹہ مقرر ہے۔