بہت خوش قسمت ہوں کہ آمنہ شیخ میری زندگی میں شامل ہوئیں: محب مرزا

July 17, 2024

پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکار و میزبان محب مرزا نے اپنی موجودہ اہلیہ کے ساتھ ساتھ اپنی سابقہ اہلیہ کی بھی تعریف کی ہے اور کہا ہے کہ وہ بہت اچھی انسان ہیں، بہت اچھے گھرانے سے ان کا تعلق ہے، ان کی والدہ نے ان کی بہت اچھی تربیت کی ہے۔

حال ہی میں اداکار نے ایک یوٹیوب کے پروگرام میں شرکت کی اور مختلف امور پر گفتگو کی۔

دورانِ گفتگو میزبان نے محب مرزا سے ان کی سابقہ اور موجودہ اہلیہ سے متعلق سوال کرتے ہوئے کہا کہ انسان کی زندگی میں ارد گرد کے ماحول کے اثرات مرتب ہوتے ہیں آپ کی سابقہ اہلیہ آمنہ شیخ اور موجودہ اہلیہ صنم سعید دونوں ہی انتہائی قابل و ذہین اداکارائیں ہیں، دونوں نے ہی فٹنس کا بہت خیال رکھا ہوا ہے، تو ان خواتین کے آپ کی زندگی پر کیا اثرات مرتب ہوئے؟

میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے محب مرزا نے کہا کہ آمنہ کی بات کریں یا صنم کی بات کی جائے، دونوں ہی بہت اچھی انسان ہونے کے ساتھ ساتھ اچھے گھرانوں سے تعلق رکھتی ہیں، دونوں کی پرورش ان کی ماؤں نے بہت اچھی کی جو کہ ان کی شخصیت میں نظر آتی ہے۔

آمنہ شیخ سے طلاق پر محب نے کہا کہ میرے جو معاملات ان کے ساتھ ہوئے وہ ہمارا ذاتی معاملہ ہے کیونکہ دو لوگوں میں مسائل اور فرق آ جاتے ہیں لیکن وہ انسان بہت کمال کی ہیں، یہی سب صنم میں بھی ہے اور میں خود کو بہت خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ دونوں میری زندگی میں شامل ہوئیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال مارچ میں صنم سعید اور محب مرزا نے اپنی شادی کا اعلان کیا تھا، دونوں اداکاروں کی یہ دوسری شادی ہے۔

اس سے قبل محب مرزا نے 2005ء میں اداکارہ آمنہ شیخ سے شادی کی تھی، جو صرف 14 برس قائم رہ سکی اور 2019 میں ان کی شادی طلاق پر ختم ہو گئی، ان ایک بیٹی بھی ہے، جس کی پرواریش دونوں مل کر رہے ہیں تاہم بیٹی اپنی والدہ کے ساتھ رہتی ہے۔

دوسری جانب صنم سعید نے 2015ء میں اپنے دوست فرحان حسن سے شادی کی تھی جو بعد ازاں طلاق پر ختم ہو گئی تھی۔