تبو بڑھتی عمر کے باوجود فلموں میں کام ملنے پر خوش

July 17, 2024

اداکارہ تبو : فوٹو فائل

بالی ووڈ اداکارہ تبو بڑھتی عمر کے ساتھ فلموں میں کام ملنے پر خوش اور مطمئن ہیں۔

اداکارہ تبو نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ بالی ووڈ کے ڈائریکٹر نیراج پانڈے نے انہیں اپنی آنیوالی فلم ’اوروں میں کہاں دم تھا‘ میں شامل کیا اور ان کی بڑھتی ہوئی عمر کے باعث وژول ایفیکٹس کا استعمال نہیں کیا۔

بالی ووڈ اداکارہ ’تبو‘ تین دہائیوں سے فلم انڈسٹری کا حصہ ہیں، انہوں نے وسیع تجربے کی بنیاد پر اپنے لیے کچھ اصول وضع کیے ہوئے جو انہیں فلمی دنیا میں رہنمائی کرتے ہیں۔ انہیں اصولوں میں سب سے اہم اصول یہ ہے کہ انہوں نے فلموں میں نوجوان عورتوں کا کردار ادا کرنا چھوڑ دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں اعتراف کیا کہ وہ اسکرین پر نوجوان نظر آنے کی خواہش نہیں رکھتیں، حقیقی زندگی کے ساتھ فلم انڈسٹری میں بھی اپنی عمر کو قبول کرنا چاہتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ نیراج پانڈے کی فلم ’اوروں میں کہاں دم تھا‘ سے متعلق کافی پرجوش تھیں۔

واضح رہے کہ ’ فلم اوروں میں کہاں دم تھا‘ تبو کی بالی ووڈ اداکار اجے دیوگن کے ساتھ دسویں فلم ہے۔

تبو نے کہا کہ ماضی میں عمر کے مطابق اداکاروں کو کاسٹ کرنا معمول تھا، مگر حالیہ برسوں میں ہی بڑے اداکاروں نے اسکرین پر نوجوانوں کے کردار ادا کرنے شروع کیے ہیں۔

اداکارہ نے مزید بتایا کہ وہ اسکرین پر نوجوان عورت کا کردار ادا کرنا نہیں چاہیں گی اور اگر کوئی اس کی پیشکش بھی کرے گا تو میں انکار کردوں گی، کیونکہ مجھے نہیں لگتا کہ میں اب 30 سال کی عورت کا کردار ادا کرنے کےلیے تیار ہوں اور میرے پاس اپنی عمر کو قبول کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔

واضح رہے کہ ’فلم اوروں میں کہاں دم تھا‘ اداکارہ تبو اجے دیوگن کے ساتھ نظر آئیں گی جبکہ فلم میں تبو کی نوجوانی کا کردار سائی ایم منجریکر نبھائیں گی، یہ فلم 2 اگست کو ریلیز کی جائے گی۔