ہاردیک پانڈیا اور نتاشا اسٹینکووچ کی طلاق کی تصدیق: جوڑی کے رشتے سے متعلق 5 حقائق

July 19, 2024

---فائل فوٹو

بھارتی آل راؤنڈر ہاردیک پانڈیا اور اِن کی سابقہ اہلیہ، سربین ماڈل، ڈانسر و اداکارہ نتاشا اسٹینکووچ نے شادی کے چار سال بعد علیحدگی کا اعلان کیا ہے۔

کرکٹر ہاردیک اور نتاشا نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر اپنے درمیان ہونے والی علیحدگی سے متعلق اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہم نے باہمی طور پر علیحدگی اختیار کر لی ہے۔‘

یہ جوڑا چاہے باقاعدہ طلاق کے بعد علیحدگی اختیار کر چکا ہے مگر دونوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنے بیٹے آگستیا کی پرورش ایک ساتھ کریں گے۔

یہاں اس جوڑے کے بارے میں 5 حقائق درج ہیں:

کھیل اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے بننے والے اس جوڑے کی مبینہ طور پر 2018ء میں ایک مشترکا دوست کے ذریعے ملاقات اور بعد میں ڈیٹنگ شروع ہوئی تھی۔

بھارتی آل راؤنڈر ہاردیک پانڈیا نے سربین اداکارہ و ماڈل نتاشا اسٹینکووچ سے یکم جنوری 2020ء کو منگنی کی تھی۔

بعد ازاں ہاردیک پانڈیا نے 31 مئی 2020ء کو اپنی دیرینہ محبت اداکارہ نتاشا اسٹینکووچ سے ممبئی کی ایک عدالت میں شادی کر لی تھی۔

2020ء میں عالمی وباکورونا وائرس کی وجہ سے عائد سماجی پابندیوں کے سبب ان کی شادی کی شاندار تقاریب منعقد نہیں ہو سکی تھیں جس کی وجہ سے اس جوڑے نے گزشتہ برس ویلنٹائن ڈے کے موقع پر ہندو اور عیسائی ثقافتوں کے مطابق دوبارہ شادی کی تھی۔

خیال رہے کہ ہاردیک پانڈیا اور نتاشا اسٹینکووچ کا تقریباً 4 سال کا ایک بیٹا بھی ہے جس کی پیدائش جولائی 2020ء میں ہوئی تھی۔

ان کی شادی میں پیش آنے والی مشکلات سے متعلق قیاس آرائیاں رواں سال مئی میں شروع ہوئی تھیں۔

یہ سلسلہ اس وقت شروع ہوا تھا کہ جب نتاشا نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل سے شوہر کے نام ’پانڈیا‘ کو حذف کر دیا تھا۔

دوسری جانب آئی پی ایل 2024ء کے میچوں میں بھی نتاشا غیر حاضر رہیں جس پر اس جوڑی کے مداحوں میں ہلچل مچ گئی تھی۔