امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کی سربراہ شیلا جیکسن لی انتقال کر گئیں

July 20, 2024

شیلا جیکسن لی--- فائل فوٹو

امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کی سربراہ کانگریسی رکن شیلا جیکسن لی انتقال کر گئیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق 74 سالہ شیلا جیکسن لی کو لبلبے کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، ان کا انتقال جمعہ کو ہوا۔

ستمبر 2022ء میں حکومتِ پاکستان نے شیلا جیکسن کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ہلالِ پاکستان سے نوازا تھا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق انہوں نے سوگواران میں شوہر اور 2 بچوں کو چھوڑا ہے۔

شیلا جیکسن لی گزشتہ تین دہائیوں سے کانگریس کی رکن رہیں اور وہ زیادہ تر ہسپانوی، سیاہ فام اور پاکستانی کمیونٹی کی کانگریس میں آواز تھیں۔

شیلا جیکسن کے پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ گہرے روابط تھے، ماضی میں جب پاکستانی صحافیوں کا وفد امریکا آیا تو انہوں نے ان کا نہ صرف خیرمقدم کیا بلکہ ان کو کانگریس کی جانب سے تہنیتی سرٹیفکیٹ بھی دیے۔

انہوں نے کئی بار پاکستان کا دورہ بھی کیا اور پاکستان کی امریکی حکومتی سطح پر امداد اور تعاون کو یقینی بنایا۔

ان کے انتقال پر پاکستانی کمیونٹی میں سوگ کی فضا قائم ہے، ڈیموکریٹک پارٹی اور ریپبلکن پارٹیوں سے وابسطہ پاکستانی دونوں ہی انتہائی غمزدہ ہیں۔

پچھلے مہینے کے شروع میں جیکسن لی نے انکشاف کیا تھا کہ وہ لبلبے کے کینسر میں مبتلا ہیں اور زیر علاج ہیں تاہم اس کی تشخیص پر پتہ چلا کہ وہ کینسر کے آخری اسٹیج پر ہیں۔