اگر ایک عورت اکیلی ہے اور وہ شادی کرنا چاہتی ہے، تو اس میں کیا برائی ہے؟ نشو بیگم کا مداحوں سے سوال

July 20, 2024

پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف سابقہ اداکارہ نشو بیگم نے اپنی نئی ویڈیو میں مداحوں سے شکوے کا اظہار کیا ہے۔

نشو بیگم نے اپنی نئی ویڈیو میں دعویٰ کیا کہ اُنہیں تاحال شادی کی متعدد آفرز موصول ہو رہی ہیں۔

حال ہی میں سوشل میڈیا پر منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں نشو بیگم کا قہقہے لگاتے ہوئے انکشاف کرنا ہے کہ ایک آدمی نے مجھے کہا کہ اگر میرے پاس پیسہ ہوتا تو میں تمہیں غنڈوں کے ہاتھوں اٹھوا لیتا۔

اداکارہ کا ہنستے ہوئے کہنا تھا کہ اس دھمکی کے جواب میں، میں نے اُس شخص سے کہا کہ اگر واقعی میں آپ کے پاس اتنا پیسہ ہوتا تو میں خود آپ کے پاس چلی آتی۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ مجھے تاحال متعدد افراد کی جانب سے شادی کی پیشکش کی جارہی ہے۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ اگر مجھے شادی کی پیشکش کی جا رہی ہے تو اس میں میری کیا غلطی ہے؟ مجھ سے صارفین ناراض ہوتے ہیں؟ تنقید کرتے ہیں، میں نے کیا کوئی رشتہ طے کر لیا ہے یا شادی کی تاریخ رکھ لی ہے یا کسی کو مہندی مایوں کی دعوت بھجوادی ہے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ اس موضوع پر میں کچھ کہتی ہوں تو وہ بھی تو سنیں، میرا کیا مسئلہ ہے، میں کیا چاہتی ہوں، اگر ایک عورت اکیلی ہے اور وہ شادی کرنا چاہتی ہے تو اس میں کیا بُرائی ہے؟

انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیٹ صارفین مجھ پر تنقید کرتے ہیں، کیا وجہ ہے؟ کیا آپ کو لگتا ہے کہ یہ شادی کی عمر نہیں ہے؟

نشو بیگم کا مزید کہنا تھا اس عمر میں لوگ جھوٹ بولتے ہیں، بہت سارے ایسے غلط کام کرتے ہیں جن کا وہ ذکر نہیں کرنا چاہتی تو شادی میں کیسی برائی ہے۔