تارکین وطن میں کمی کیلئے’’سکلز انگلینڈ‘‘ نامی ادارہ قائم کرنے کا اعلان

July 24, 2024

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) وزیراعظم سرکیئر سٹارمر نے کہا ہے کہ انگلینڈ میں ورکرز کی ٹریننگ کیلئے ایسے نئے منصوبے تیار کر رہے ہیں جس سے بیرون ملک سے آنے والے کارکنوں کی تعداد کم کی جا سکے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ ملازمتوں کی جگہوں پر مہارت اور ہنرمند افراد کی کمی کے باعث برطانیہ کو زیادہ تارکین بلوانے پر مجبور ہونا پڑا۔ اب حکومت ’’سکلز انگلینڈ‘‘ کے نام سے ایک نیا ادارہ قائم کر رہی ہے جو دیگر اداروں اور مشیروں کے ساتھ مل کر مقامی طور پر ایسی ہنرمند ورک فورس تیار کریں گے جس کی ملک کو ضرورت ہے، نیز ملازمتوں کے ساتھ با معاوضہ اپرنٹس شپ بھی مہیا کی جائے گی۔ اس کی تیاری میں ایک سال کا عرصہ لگ جائے گا۔ سرکیئر سٹارمر نے یہ بھی تسلیم کیا کہ مقامی طور پر ہنرمند افراد کو مختلف شعبوں کی طرف راغب کرنے کے لئے ان میں تنخواہوں میں بھی اضافے کی ضرورت ہوگی۔ تنخواہوں پر نظرثانی کرنے والے اداروں نے نیشنل ہیلتھ سروس اور اساتذہ کی تنخواہوں میں 5.5فیصد اضافے کی سفارش کی ہے، لیکن محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ یہ ہماری توقع سے بہت زیادہ ہے۔ اس بات کا بہت زیادہ امکان ہے کہ لیبر حکومت کو بریگزٹ کے تناظر میں قانونی ہجرت کو کم کرنے کے لئے عوامی اور سیاسی دبائو کا سامنا کرنا پڑے گا۔