ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ، اسپنرز کی عمدہ کارکردگی، متحدہ عرب امارات کو 10وکٹوں سے شکست

July 24, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سری لنکا کے شہر دمبولا میں اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں پاکستان ویمنز اسپن بولرز کی عمدہ کارکردگی اور گل فیروزہ اور منیبہ علی کی ایک اور شاندار اوپننگ سنچری شراکت کے نتیجے میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات ویمنز کو 10 وکٹوں سے شکست دے کرسیمی فائنل میں پہنچ گیا۔یہ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کی دوسری کامیابی ہے۔ پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی ویمنز ایشیا کپ میں 10 وکٹ سے میچ جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی ۔ اس سے قبل آٹھ مرتبہ مختلف ٹیمیں 9 وکٹ سے کامیابی حاصل کرچکی تھیں پاکستان ٹیم کی یہ مجموعی صرف دوسری 10 وکٹ کی فتح ہےاس سے قبل پاکستان نے 11 سال قبل آئرلینڈ کو دس وکٹ سے ہرایا تھا۔ گل فیروزہ اور منیبہ علی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں دو سنچری شراکت کرنے والی پہلی پاکستانی جوڑی بن گئیں۔ اس سے قبل اس نے نیپال کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ متحدہ عرب امارات کی ٹیم مسلسل تیسرا میچ ہاری ہے۔منگل کومیچ میں گل فیروزہ نے آؤٹ ہوئے بغیر 62 رنز اسکور کیے جو ان کی لگاتار دوسری نصف سنچری ہے۔ منیبہ علی نے 37 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی۔ ان دونوں نے پہلی وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 107 رنز کا اضافہ کرکے پاکستان کو جیت سے ہمکنار کردیا۔ نیپال کے خلاف بھی ان دونوں نے سنچری اوپننگ پارٹنرشپ قائم کی تھی۔ندا ڈار نے مسلسل تیسری مرتبہ ٹاس جیتا اور متحدہ عرب امارات کو پہلے بیٹنگ دی ۔ متحدہ عرب امارات کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔پاکستان نے 14.1 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے ہدف پورا کرلیا۔متحدہ عرب امارات کی طرف سے تھیرتھا ستیش نے پانچ چوکوں کی مدد سے 40 رنز اسکور کیے۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کی دو وکٹیں 52 رنز پر گری تھیں لیکن پاکستان کی بولرز کی عمدہ کارکردگی پر 46 رنز کے اضافے پر اس کی 6 وکٹیں گرگئیں۔سعدیہ اقبال، طوبیٰ حسن اور نشرہ سندھو نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان کی اننگز میں گل فیروزہ نے اعتماد سے بیٹنگ کرتے ہوئے62 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئیں۔ ان کی اننگز میں 8 چوکے شامل تھے۔منیبہ علی نے 4 چوکوں کی مدد سے 37 رنز اسکور کیے اور وہ بھی ناٹ آؤٹ رہیں ۔ ان دونوں کی107 رنز کی ناقابل شکست شراکت مکمل طور پر حریف بولرز پر چھائی رہی۔